اسٹاف رپورٹ 

مانسہرہ: موسیٰ دا مصلہ سے واپسی کے دوران لاپتہ ہونے والے آئرلینڈ سے تعلق رکھنے والے غیر ملکی سیاح الیگزینڈر کی نعش پانچ روز تک جاری رہنے والے وسیع سرچ آپریشن کے بعد پراچہ کٹھہ کے مقام سے برآمد کرلی گئی۔

ابتدائی معلومات کے مطابق غیر ملکی سیاح الیگزینڈر 29 اگست 2026 کو اپنے ایک دوست کے ہمراہ موسیٰ دا مصلہ کی جانب روانہ ہوا تھا۔ واپسی کے دوران دونوں سیاح ایک دوسرے سے جدا ہوگئے، جس کے بعد الیگزینڈر کے دوست نے 30 اگست کو تھانہ نواز آباد مانسہرہ میں اس کی گمشدگی کی اطلاع دی۔

اطلاع موصول ہوتے ہی ہزارہ پولیس کی جانب سے لاپتہ سیاح کی تلاش کے لیے خصوصی سرچ آپریشن ٹیمیں تشکیل دی گئیں۔ سرچ آپریشن میں 200 سے زائد پولیس افسران و جوانوں کے علاوہ ریسکیو 1122، محکمہ جنگلات اور مقامی افراد نے حصہ لیا۔

ڈی آئی جی ہزارہ ناصر محمود ستی نے سرچ آپریشن کی خود کمانڈ کی اور ملحقہ علاقوں میں جاری تلاش کی کارروائی میں عملی طور پر بھی حصہ لیا۔ سرچ ٹیموں نے شدید موسمی حالات، دشوار گزار پہاڑی راستوں اور گھنے جنگلات کے باوجود دن رات تلاش کا سلسلہ جاری رکھا۔

پانچ روزہ سرچ آپریشن کے دوران بالآخر الیگزینڈر کی نعش پراچہ کٹھہ کے مقام پر ایک گہری کھائی سے برآمد کرلی گئی۔ ابتدائی طور پر امکان ظاہر کیا گیا ہے کہ واپسی کے دوران خراب موسم کے باعث وہ حادثاتی طور پر گہری کھائی میں جاگرا، جس کے نتیجے میں اس کی موت واقع ہوئی۔

ڈی آئی جی ہزارہ ناصر محمود ستی نے غیر ملکی سیاح کی حادثاتی موت کو انتہائی افسوس ناک اور قابلِ دکھ واقعہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ پولیس، متعلقہ اداروں اور مقامی افراد نے مشکل ترین موسمی اور جغرافیائی حالات کے باوجود سرچ آپریشن میں بھرپور حصہ لیا اور لاپتہ سیاح کی تلاش کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے۔

ان کا کہنا تھا کہ سرچ آپریشن میں حصہ لینے والے پولیس افسران و جوانوں، ریسکیو 1122، محکمہ جنگلات اور مقامی افراد نے انتہائی مشکل حالات میں پیشہ ورانہ جذبے اور ذمہ داری کا مظاہرہ کیا۔

پولیس کے مطابق برآمد ہونے والی نعش کو ضروری قانونی کارروائی اور دیگر ضابطے مکمل کرنے کے لیے کنگ عبداللہ ہسپتال مانسہرہ منتقل کیا جا رہا ہے۔

غیر ملکی سیاح کی فیملی بھی پاکستان پہنچ چکی ہے جبکہ ہزارہ پولیس کے اعلیٰ افسران فیملی کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔ پولیس کے مطابق قانونی کارروائی اور دیگر ضروری امور کی تکمیل کے سلسلے میں خاندان کو ہر ممکن تعاون فراہم کیا جا رہا ہے۔

ڈی آئی جی ہزارہ نے کہا کہ ہزارہ پولیس ملکی و غیر ملکی سیاحوں کے تحفظ کو خصوصی اہمیت دیتی ہے اور سیاحوں کی مدد و حفاظت کے لیے تمام ممکنہ اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔

#Mansehra #MusaDaMusalla #Alexander #IrishTourist #ForeignTourist #HazaraPolice #SearchOperation #ParachaKatha #KhyberPakhtunkhwa #Tourism #TouristSafety #Rescue1122 #HazaraDivision #Abbottabad #Pakistan