اسٹاف رپورٹ 

پشاور/ایبٹ آباد: بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن (BISE) پشاور اور ایبٹ آباد نے سیکنڈری سکول سرٹیفکیٹ (SSC) سالانہ امتحانات 2026 کے نتائج کا اعلان کر دیا، جن میں طالبات نے ایک بار پھر نمایاں برتری حاصل کرتے ہوئے مجموعی میرٹ لسٹ اور آرٹس گروپ کی تمام اعلیٰ پوزیشنیں اپنے نام کر لیں۔

پشاور بورڈ میں طالبات کی شاندار کارکردگی

پشاور بورڈ کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب میں صوبائی سیکرٹری تعلیم محمد خالد نے پوزیشن ہولڈر طلبہ و طالبات میں انعامات تقسیم کیے۔ تقریب میں چیئرمین بورڈ خدا بخش، کنٹرولر امتحانات عنایت اللہ شاہ، اساتذہ، والدین اور دیگر معززین بھی شریک ہوئے۔

پشاور ماڈل گرلز ہائی سکول-II، دلہ زاک روڈ کی طالبات نے مسلسل روایت برقرار رکھتے ہوئے پہلی تینوں پوزیشنیں حاصل کیں۔

امامہ علی دختر لیاقت علی نے 1,182 نمبر حاصل کرکے پہلی پوزیشن حاصل کی، جبکہ سیدہ عاتکہ شاہ 1,178 نمبروں کے ساتھ دوسری اور حریم خان 1,177 نمبروں کے ساتھ تیسری پوزیشن پر رہیں۔

ہیومینیٹیز گروپ میں محمد ابوذر (عثمانیہ چلڈرن اکیڈمی، پشاور) نے 1,088 نمبروں کے ساتھ پہلی، سائرہ ظفر نے 1,074 نمبروں کے ساتھ دوسری جبکہ شیخ محمد حمدان نے 1,062 نمبروں کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔

خصوصی بچوں کے زمرے میں محمود ایاز خان خیل نے 1,060 نمبروں کے ساتھ پہلی، رابعہ بی بی نے 1,052 اور محمد اذان خالد نے 1,051 نمبروں کے ساتھ بالترتیب دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی۔

پشاور بورڈ کے مطابق جماعت دہم کے امتحان میں 95,496 امیدوار شریک ہوئے، جن میں 66,988 کامیاب قرار پائے، جبکہ مجموعی کامیابی کا تناسب 70.15 فیصد رہا۔

جماعت نہم میں 97,950 امیدواروں نے امتحان دیا، جن میں 39,103 کامیاب جبکہ 57,847 طلبہ کو اگلی جماعت میں ترقی دی گئی، جس کے بعد مجموعی کامیابی کی شرح 98.98 فیصد رہی۔

الخدمت سکول کا سو فیصد نتیجہ

چارسدہ کے الخدمت فاؤنڈیشن سکول اینڈ کالج بہلولہ نے بھی شاندار نتائج حاصل کیے، جہاں امتحان میں شریک تمام 72 طلبہ کامیاب قرار پائے جبکہ 42 طلبہ نے اے ون گریڈ حاصل کیا۔ پرنسپل ہارون خان کے مطابق نمایاں کامیابی حاصل کرنے والوں میں یتیم طلبہ کی بڑی تعداد شامل ہے۔

ایبٹ آباد بورڈ میں بھی طالبات کی برتری 

بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ایبٹ آباد کے نتائج میں بھی طالبات نے مجموعی میرٹ اور آرٹس گروپ کی تمام نمایاں پوزیشنیں حاصل کر لیں۔

جماعت دہم کے امتحان میں 72,677 امیدوار شریک ہوئے، جن میں 57,952 کامیاب جبکہ 313 غیر حاضر رہے۔

جماعت نہم میں 72,367 امیدواروں نے امتحان دیا، جن میں 46,219 کامیاب ہوئے اور مجموعی کامیابی کا تناسب 64.45 فیصد رہا، جبکہ 649 امیدوار غیر حاضر رہے۔

سائنس گروپ میں نمایاں پوزیشنز

مجموعی میرٹ اور سائنس گروپ میں عائشہ زیب دختر اورنگ زیب، طالبہ تعمیرِ وطن پبلک سکول اینڈ کالجز، مانسہرہ نے 1,167 نمبروں کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی۔

فاطمہ جدون دختر عبدالواحد خان، تعمیرِ وطن پبلک سکول اینڈ گرلز کالج جناح آباد، منڈیاں ایبٹ آباد نے 1,163 نمبروں کے ساتھ دوسری جبکہ اسوہ مہرین دختر عامر شہزاد، تعمیرِ وطن پبلک سکول غازی کوٹ، مانسہرہ نے 1,160 نمبروں کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔

آرٹس گروپ میں بھی طالبات نمایاں

آرٹس گروپ میں زینب بی بی، گورنمنٹ گرلز ہائی سکول بلدھیر، ہری پور نے 1,131 نمبروں کے ساتھ پہلی، زینب طاہر، گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری سکول سرائے صالح نے 1,075 نمبروں کے ساتھ دوسری جبکہ خنساء بی بی نے 1,072 نمبروں کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔

چیئرمین بورڈ کا پیغام

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین بورڈ عنایت اللہ وسیم نے کامیاب امیدواروں، بالخصوص پوزیشن ہولڈرز کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان کی کامیابی محنت، مستقل مزاجی اور والدین و اساتذہ کی رہنمائی کا ثمر ہے۔

انہوں نے کہا کہ بورڈ امتحانی نظام میں شفافیت، میرٹ، انصاف، درستگی اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے ذریعے تعلیمی معیار کو مزید بہتر بنانے کے لیے اصلاحات کا سلسلہ جاری رکھے گا۔

انہوں نے کہا کہ "ہمارے طلبہ ہی قوم کی امید اور مستقبل کے معمار ہیں۔" انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بورڈ عوامی اعتماد کو مزید مستحکم بنانے اور خیبر پختونخوا کے بہترین تعلیمی بورڈز میں اپنی شناخت برقرار رکھنے کے لیے اصلاحاتی اقدامات جاری رکھے گا۔

#SSC2026 #BISEAbbottabad #BISEPeshawar #MatricResults #EducationKP