اسٹاف رپورٹ

مانسہرہ: مانسہرہ کے علاقے ڈمگلہ میں ایک المناک ٹریفک حادثے کے نتیجے میں سابق چیئرمین ایبٹ آباد تعلیمی بورڈ اور دبئی انٹرنیشنل سکول اینڈ کالج مانسہرہ کے منیجنگ ڈائریکٹر پروفیسر پرویز کے بیٹے، بہو اور پوتے سمیت تین افراد جاں بحق جبکہ پانچ افراد زخمی ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایک مہران کار، جس میں آٹھ افراد سوار تھے، ڈمگلہ کے مقام پر بے قابو ہو کر سڑک سے پھسلتے ہوئے گہری کھائی میں جاگری۔ گاڑی ذیشان پرویز چلا رہے تھے۔

حادثے کے نتیجے میں ذیشان پرویز، ان کی اہلیہ اور کمسن بیٹا افنان جاں بحق ہوگئے، جبکہ گاڑی میں سوار دیگر پانچ افراد زخمی ہوئے۔ زخمیوں میں سے دو کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی کارروائیاں شروع کی گئیں اور جاں بحق افراد اور زخمیوں کو کنگ عبداللہ ہسپتال مانسہرہ منتقل کیا گیا، جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

جاں بحق ہونے والے ذیشان پرویز گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول نمبر ایک مانسہرہ میں انگریزی کے استاد بھی تھے۔

حادثے میں زخمی ہونے والوں میں زوجہ قمر، علی ولد ذیشان اور تین بچے بھی شامل ہیں۔ زخمیوں کی حالت کے حوالے سے مزید تفصیلات ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے سامنے آنے کا انتظار ہے۔

پروفیسر پرویز تعلیمی شعبے سے طویل عرصے سے وابستہ رہے ہیں۔ وہ سابق ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر، سابق ڈائریکٹر ڈی سی ٹی ای اور سابق چیئرمین ایبٹ آباد تعلیمی بورڈ کے عہدوں پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔ اس وقت وہ دبئی انٹرنیشنل سکول اینڈ کالج مانسہرہ کے منیجنگ ڈائریکٹر ہیں۔

حادثے کی خبر سے تعلیمی حلقوں، عزیز و اقارب اور اہل علاقہ میں گہرے رنج و غم کی لہر دوڑ گئی۔

#مانسہرہ #ڈمگلہ #ٹریفک_حادثہ #حادثہ #ذیشان_پرویز #پروفیسر_پرویز #ایبٹ_آباد_بورڈ #تعلیمی_شعبہ #مانسہرہ_نیوز #HazaraNews #Mansehra #RoadAccident #Dumgala #BreakingNews #AccidentNews #PakistanNews